ایشیا کپ: پاکستان پر ہندوستان کی آسان فتح، 29 اوور میں بنا ڈالے 164 رن

میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت لیا ہے اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

19 Sep 2018, 11:09 PM
یکطرفہ مقابلہ میں ہندوستان نے پاکستان کو 8 وکٹ سے شکست دی

ایشیا کپ کے انتہائی اہم مقابلے میں ہندوستان نے پاکستان کو بہ آسانی شکست دے دی۔ ہندوستان نے یہ فتح 8 وکٹوں سے حاصل کی۔ جیت کے لیے ضروری 163 رنوں کا ہدف ہندوستانی ٹیم نے محض 29 اوور میں حاصل کر لیا۔ دنیش کارتک 37 گیندوں میں 31 رن بنا کر اور امباتی رائیڈو نے 46 گیند میں 31 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ بقیہ گیندبازوں کو کوئی وکٹ نہیں ملا۔ شعیب ملک سب سے مہنگے گیندباز ثابت ہوئے جنھوں نے 2 اوور میں 19 رن دیے۔ ان کے بعد حسن علی نے 4 اوور میں 33 رن خرچ کیے۔

19 Sep 2018, 10:55 PM
25 اوور کے بعد ہندوستان کا اسکور 137/2

ہندوستانی ٹیم دھیرے دھیرے فتح کی طرف قدم بڑھا رہی ہے۔ 25 اوور کے بعد اسکور 2 وکٹ کے نقصان پر 137 رن ہے، یعنی فتح کے لیے محض 26 رن کی ضرورت ہے۔ روہت شرما اور شکھر دھون نے ہندوستان کو جو مضبوط اور دھواں دھار شروعات دی تھی، اس کی وجہ سے راہیں بہت آسان ہو گئی ہیں اور اب امباتی رائیڈو و دنیش کارتک بہت اطمینان کے ساتھ بلے بازی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ انھیں کوئی جلدبازی بھی نہیں ہے اور رن بھی آرام سے آ رہے ہیں۔

19 Sep 2018, 10:36 PM
ہندوستان فتح اور پاکستان شکست کی طرف گامزن

ہندوستان نے 20 اوور میں 121 رن بنا لیے ہیں اور اس کے محض 2 وکٹ آؤٹ ہوئے ہیں۔ ہندوستان فتح سے محض 42 رن دور ہے اور امباتی رائیڈو و دنیش کارتک روہت شرما و شکھر دھون کے آؤٹ ہونے کے بعد بہت سمجھداری کے ساتھ بلے بازی کر رہے ہیں۔ رائیڈو 15 گیند میں 7 رن اور کارتک 14 گیند میں 12 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔


19 Sep 2018, 10:25 PM
شکھر دھون نصف سنچری بنانے سے محروم، 46 رن پر آؤٹ

اچھی بلے بازی کر رہے شکھر دھون نصف سنچری بنانے سے محروم رہ گئے۔ انھیں پاکستانی گیندباز فہیم اشرف نے کیچ آؤٹ کرایا۔ شکھر دھون نے 54 گیند پر 46 رن کی پاری کھیلی۔ اس دوران انھوں نے ایک چھکّا اور 6 چوکا لگایا۔

19 Sep 2018, 10:17 PM
میچ پر ہندوستان کی گرفت مضبوط، پاکستانی گیندباز بے حال

دھیمی شروعات کرنے کے بعد ہندوستانی بلے بازوں نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ 5 اوور کے بعد انھوں نے جو تیزی دکھائی وہ جاری ہے اور 15 اوور کے بعد ہندوستانی ٹیم کا اسکور 1 وکٹ کے نقصان پر 98 رن ہے۔ ہندوستان کی جانب سے روہت شرما نے تیز طرار نصف سنچری بنائی اور شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اس وقت شکھر دھون 50 گیند پر 41 رن بنا کر اور امباتی رائیڈو 3 گیند پر 2 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔


19 Sep 2018, 10:04 PM
طوفانی نصف سنچری بنانے کے بعد روہت شرما آؤٹ

پاکستانی گیندبازوں کی بخیہ ادھیڑنے والے روہت شرما کو شاداب خان نے اپنی پہلی گیند پر آؤٹ کر اپنی ٹیم کو کچھ سکون کا موقع فراہم کیا۔ روہت شرما نے 39 گیندوں پر تیز طرار 52 رن بنائے۔ اپنی اس اننگ کے دوران روہت شرما نے 3 چھکّے اور 6 چوکے لگائے۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم کا اسکور 13.1 اوور 86 رن ہے۔

19 Sep 2018, 9:45 PM
روہت شرما نے پاکستانی گیندبازوں کی دھنائی کی، 10 اوور میں اسکور 58/0

شروع کے 5 اوور میں دھیمی بلے بازی کرنے والے روہت شرما نے اپنا ہاتھ دکھانا شروع کر دیا ہے۔ انھوں نے پاکستانی گیندبازوں کی زبردست دھنائی شروع کر دی ہے۔ ایک طرف شکھر دھون آرام سے ضرور کھیلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں لیکن روہت شرما نے یکے بعد دیگرے کئی باؤنڈری لگا دیے ہیں۔ انھوں نے آٹھویں اوور میں عثمان خان کی گیند پر 2 چھکّے بھی لگائے۔ 10 اوور ختم ہونے کے بعد جہاں ہندوستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 58 رن بنا لیے ہیں، وہیں روہت شرما 30 گیند میں 38 رن بنا کر اور شکھر دھون 31 گیند میں 18 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔


19 Sep 2018, 9:20 PM
ہندوستان کی دھیمی شروعات، 5 اوور میں بغیر کسی نقصان 15 رن

پاکستان کے 162 رن کے جواب میں ہندوستان نے بہت دھیمی شروعات کی ہے۔ حالانکہ ہدف بہت زیادہ بڑا نہیں ہے لیکن پاکستانی گیندباز لائن اور لینتھ کے ساتھ گیندبازی کرتے ہوئے ہندوستانی بلے بازوں کو خوب پریشان کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان نے کوئی وکٹ نہیں گنوایا ہے لیکن 5 اوور میں محض 15 رن ہی بنائے ہیں۔

19 Sep 2018, 8:13 PM
پاکستان کی پوری ٹیم 162 پر ڈھیر

پاکستان کی پوری ٹیم 162 رن کے چھوٹے اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس نے 43.1 اوور کھیل کر یہ رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے سب سے زیادہ 47 رن اور شعیب ملک نے 43 رن اسکور کیا۔ پاکستانی اسکور کارڈ کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ اس کے محض 4 کھلاڑی ہے دو ہندسے تک پہنچ پائے۔

ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار اور کیدار یادو نے تین تین وکٹ لیے۔ 2 وکٹ جسپریت بمراہ اور 1 وکٹ کلدیپ یادو کو حاصل ہوا۔ پاکستان کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔


19 Sep 2018, 8:06 PM
حسن علی بھی آؤٹ، بھونیشور کمار نے کارتک کے ہاتھوں کرایا آؤٹ

پاکستان کا نواں وکٹ بھی گر گیا ہے۔ حسن علی بھونیشور کمار کی گیند پر کارتک کو کیچ تھما بیٹھے۔ انھوں نے تین گیندوں پر 1 رن بنایا۔ اسٹیڈیم میں موجود ہندوستانی شائقین کے درمیان خوشی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دوسری طرف پاکستانی شائقین مایوسی کے شکار ہیں۔

19 Sep 2018, 8:01 PM
فہیم اشرف بھی آؤٹ، 21 رن پر جسپریت بُمراہ کا بنے شکار

پاکستان کی اننگ سنبھالنے کی کوشش میں مصروف فہیم اشرف 21 رن بنا کر جسپریت بمراہ کے شکار بن گئے۔ اب پاکستان کی ٹیم بہت کم رنوں پر سمٹتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔ حالانکہ دوسری طرف محمد عامر 15 رن بنا کر کھیل رہے ہیں لیکن وہ اچھی بلے بازی کے لیے نہیں جانے جاتے۔ آنے والے دیگر کھلاڑی بھی گیندباز ہیں اور بلے بازی میں کوئی خاص کمال نہیں رکھتے۔


19 Sep 2018, 7:57 PM
نیچے کے بلے باز پاکستان کو سنبھالنے میں مصروف، 40 اوور میں اسکور 157/7

ہندوستانی گیندبازوں کی بہترین گیندبازی کی وجہ سے پاکستان نے لگاتار وکٹ گنوائے جس کی وجہ سے رَن ریٹ پر برا اثر پڑا ہے۔ اس وقت پاکستان کا رَن ریٹ 4 رن سے بھی کم ہے۔ لیکن نچلے بلے بازوں فہیم اشرف اور محمد عامر نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے وکٹ گرنے کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے روک ضرور دیا ہے۔ 40 اوور کے بعد پاکستان کا اسکور 7 وکٹ پر 157 رن ہے اور فہیم اشرف 43 گیند میں 21 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ دوسری طرف محمد عامر 18 گیند میں 15 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

19 Sep 2018, 7:39 PM
ہارڈک پانڈیا کو لگی زبردست چوٹ، اسٹریچر پر گئے میدان سے باہر

ہندوستان کے نوجوان آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا جب ٹیم کا اٹھارہواں اور اپنا 5واں اوور پھینک رہے تھے تو پانچویں گیند پر وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔ جب انھوں نے پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو گیند پھینکا تھا تو اس کے بعد وہ زمین پر گر پڑے تھے اور پھر تکلیف کی وجہ سے اٹھ نہیں پائے۔ انھیں پیٹھ میں کافی درد ہو رہا تھا اور بتایا جا رہا ہے کہ پیٹھ کے نچلے حصے میں انھیں چوٹ پہنچی ہے۔ چونکہ وہ اٹھ نہیں پا رہے تھے اس لیے اسٹریچر پر انھیں میدان سے باہر لے جایا گیا۔


19 Sep 2018, 7:31 PM
پاکستانی ٹیم بری طرح لڑکھڑائی، شاداب خان کی شکل میں 7واں وکٹ گرا

کیدار یادو نے شاداب خان کو اسٹمپ آؤٹ کر کے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ابھی 35 اوور بھی ختم نہیں ہوئے ہیں اور پاکستان کے 7 وکٹ آؤٹ ہو چکے ہیں۔ شاداب خان نے آؤٹ ہونے سے پہلے 19 گیند میں 8 رن بنائے۔ دوسری طرف فہیم اشرف 5 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ بلے بازی کے لیے اترنے والے نئے بلے باز ہیں محمد عامر۔

19 Sep 2018, 7:14 PM
آصف علی بھی آؤٹ، پاکستان کا اسکور 30 اوور میں 113/6

شعیب ملک کی شکل میں پاکستان کو پانچواں جھٹکا لگا ہی تھا کہ آصف علی بھی چھٹے وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہو گئے۔ شعیب ملک جہاں 43 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے، وہیں آصف علی نے کیدار یادو کی گیند پر مہندر سنگھ دھونی کو کیچ تھما دیا۔ آصف علی نے 10 گیند میں 9 رن بنائے۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 30 اوور کے بعد 113 رن پر 6 وکٹ ہے۔


19 Sep 2018, 6:59 PM
کیدار یادو نے دیا پاکستان کو ایک اور جھٹکا، سرفراز سستے میں آؤٹ

سرفراز احمد کو محض 6 رنوں پر پویلین بھیج کر کیدار یادو نے ایک بار پھر پاکستان کو بیک فُٹ پر ڈال دیا ہے۔ کیدار یادو نے سرفراز احمد کو مائک پانڈے کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اب بیٹنگ کے لیے آصف علی میدان میں اترے ہیں۔ دوسری طرف شعیب ملک 65 گیندوں پر 41 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 25 اوور میں 96 رن پر 4 وکٹ ہے۔

19 Sep 2018, 6:42 PM
بابر اعظم نصف سنچری بنانے سے محروم، کلدیپ کی گیند پر ہوئے بولڈ

اچھی بلے بازی کر رہے بابر اعظم کو آؤٹ کر کے کلدیپ یادو نے پاکستان کو زبردست جھٹکا دے دیا۔ کلدیپ کی گیند کو سوئپ کرنے کی کوشش میں بابر اعظم بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے 62 گیند کا سامنا کرتے ہوئے 47 رن بنائے۔ اس درمیان بابر اعظم نے 6 چوکے لگائے۔


19 Sep 2018, 6:36 PM
20 اوور ختم ہونے کے بعد پاکستان کا اسکور 2 وکٹ پر 80 رن

پاکستان نے 20 اوور کے بعد 2 وکٹ پر 80 رن بنا لیے ہیں۔ شروعات میں پاکستان کو جو 2 جھٹکے لگے تھے، اس کے بعد شعیب ملک اور بابر اعظم نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف رن بنایا بلکہ وکٹ بھی گرنے نہیں دیا۔ اس وقت بابر اعظم 56 گیند پر 43 رن اور شعیب ملک 48 گیند پر 35 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

19 Sep 2018, 6:18 PM
شعیب اور بابر نے پاکستان کو سنبھالا، 15 اورر کے بعد اسکور 2 وکٹ پر 57 رن

شعیب ملک اور بابر اعظم نے پاکستانی اننگ کو سنبھال لیا ہے۔ ان دونوں نے انتہائی محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے گزشتہ پانچ اووروں میں 32 رن کی شراکت داری کر لی ہے۔ مجموعی طور پر پاکستان نے 15 اوور میں 57 رن بنا لیے ہیں۔ اس وقت بابر اعظم 34 گیند میں 25 رن اور 40 گیند میں 30 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔


19 Sep 2018, 5:57 PM
10 اوور کے بعد پاکستان نے 25 رن بنائے

جلدی جلدی دو وکٹ گنوانے کے بعد پاکستان نے سنبھل کر کھیلنا شروع کر دیا ہے۔ 10 اوور کے بعد پاکستان کا اسکور دو وکٹ کے نقصان پر 25 رن ہے۔ اس وقت بابر اعظم اور شعیب ملک کریز پر موجود ہیں۔ دونوں ہی بہت احتیاط کے ساتھ ہندوستانی گیندبازوں کو کھیل رہے ہیں۔ بابر اعظم 26 گیندوں میں 13 رن اور شعیب ملک 18 گیندوں میں 10 رن بنا چکے ہیں۔

19 Sep 2018, 5:33 PM
پاکستان کا دوسرا وکٹ گرا، فخر زماں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ

ہندوستانی گیندباز بھونیشور کمار نے پاکستان کو دوسرا زبردست جھٹکا دیتے ہوئے فخر زماں کو بھی آؤٹ کر دیا۔ فخر زماں نے اپنا کھاتہ بھی نہیں کھولا تھا۔ وہ چوتھے اوور کے پہلے گیند پر ہی بھونیشور کمار کے شکار ہو گئے۔ ان کا کیچ یجوویندر چہل نے لیا۔


19 Sep 2018, 5:19 PM

پاکستان کی اوپننگ فخر الزما اور امام الحق نے کی۔ اس کے بعد پاکستان کا پہلا وکٹ امام الحق کے طور پر گر گیا۔ انہیں بھوبنیشور نے آؤٹ کیا۔

19 Sep 2018, 4:40 PM

دبئی میں ایشیا کپ 2018 کے ہندوستان اور پاکستان کے کرکٹ میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت لیا ہے اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ لیا ہے۔ اس میچ میں وراٹ کوہلی نہیں کھیل رہے ہیں ان کی جگہ روہت شرما ہندوستانی ٹیم کے کپتان بنائے گئے ہیں۔


19 Sep 2018, 4:54 PM

ایشیا کپ کے دوران ہندوستان نے پاکستان کو 6 مرتبہ شکست دی ہے جبکہ پاکستان 5 مرتبہ ہندوستان پر جیت حاصل کر چکا ہے۔ اس مقابلہ میں روہت شرما کی ذمہ داری کافی اہم ہو گئی ہے کیوں کہ انہیں اپنے بلے رے رن بھی بنانے ہوں گے اور کپتان کے طور پر بھی مضبوط حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔ روہت کے علاوہ شکھر دھون پر بھی بڑی ذمہ داری ہے۔ کوہلی کے بعد روہت اور شکھر نے ہی ہندوستانی بلے بازی کوبخوبی سنبھالا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔