ایڈیلیڈ ٹیسٹ: وارنر کی ریکارڈ ٹرپل سنچری، پاکستان لڑكھڑايا، 96 رن پر 6 وکٹ گنوا دئے

آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر (ناٹ آؤٹ 335) نے ایڈیلیڈ کے میدان پر پاکستان کے خلاف دوسرے ڈے نائٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کو ٹرپل سنچری بنانے کی زبردست کامیابی کے ساتھ ہی اپنا نام ریکارڈ بک میں بھی درج کرا لیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ایڈیلیڈ: اسٹار اوپنر آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر (ناٹ آؤٹ 335) نے ایڈیلیڈ کے میدان پر پاکستان کے خلاف دوسرے ڈے نائٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کو ٹرپل سنچری بنانے کی زبردست کامیابی کے ساتھ ہی اپنا نام ریکارڈ بک میں بھی درج کرا لیا۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز تین وکٹ پر 589 رن کا بڑا اسکور بناکر اعلان کر دی تھی ۔ پاکستان نے اس کے جواب میں دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنے چھ وکٹ صرف 96 رن پر گنوا دئے اور وہ فالو آن کے گہرے بحران میں پھنس گیا ہے۔

ڈے نائیٹ ٹیسٹ کا دوسرا دن 33 سالہ وارنر کے نام رہا جنہوں نے ریکارڈ بک کو نئے سرے سے لکھنے پر مجبور کر دیا۔ وارنر نے 418 گیندوں میں 39 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 335 رنز بنائے۔ وارنر اپنی ٹرپل سنچری کے ساتھ ڈے نائٹ ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بن گئے۔ انہوں نے اس معاملے میں گلابی گیند سے پاکستان کے اظہر علی کے سب سے زیادہ 456 رنز کے ہندسے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وارنر کے اب گلابی گیند سے 534 رنز ہو گئے ہیں۔ وارنر نے اسی کے ساتھ سال 2019 میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کے معاملے میں ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وراٹ نے پنے میں گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 254 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔


وارنر نے ٹرپل سنچری کو پورا کرنے میں 389 گیندوں کا سہارا لیا جس میں 37 باؤنڈری شامل ہیں۔ یہ آسٹریلوی بلے باز کے کیریئر کی بہترین اننگز بھی ہے، انہوں نے اس سے پہلے سال 2015 میں پرتھ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 253 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ وارنر کے کیریئر میں گلابی گیند سے یہ پہلی ٹسٹ سنچری بھی ہے۔وارنر نے میچ کے پہلے دن ا سٹمپس تک 166 رن بنائے اور ناٹ آؤٹ لوٹے۔ میچ کے دوسرے دن انہوں نے 260 گیندوں میں 23 چوکوں کی مدد سے اپنے 200 رن پورے کئے اور پھر 389 گیندوں میں 37 چوکوں کی مدد سے اپنے 300 رن پورے کر لیے۔ انہوں نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں کل 418 گیندوں میں 39 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 335 رنز کی اننگز کھیلی اور میدان سے ناٹ آؤٹ لوٹے۔ ان کی ٹرپل سنچری کی کامیابی کے بعد آسٹریلیا نے میچ میں اپنی پہلی اننگز تین وکٹ پر 589 رنز بنانے کے ساتھ ڈکلئیر کر دی ۔

گلابی گیند سے ایک دن میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ پاکستان کے اظہر کے نام تھا جنہوں نے سال 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 156 رن بنائے تھے جبکہ وارنر نے ایک دن میں 173 رنز بنا ڈالے۔ دلچسپ ہے کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے پہلے تک وارنر کے نام گلابی گیند سے 24.87 کی اوسط سے 199 رنز درج تھے جبکہ ہفتہ کو یہ اسکور 534 تک پہنچ گیا اور وہ ڈے نائٹ ٹیسٹ کے ٹاپ اسکورر بن گئے۔وارنر نے اننگز میں مارنس لابشین (162) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 361 رن کی ساجھےداری کی جو ڈے نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی شراکت داری میں بھی ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ ایلیسٹیر کک اور جو روٹ کے نام درج تھا جنہوں نے برمنگھم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سال 2017 میں 248 رن کی ساجھےداری کی تھی۔ آسٹریلیا کا 589 کا اسکور ڈے نائیٹ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے 2016 میں دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنائے گئے 579 رن کے اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا۔


وارنر کے 335 رنز پاکستان کے خلاف کسی بلے باز کا دوسرا سب سے زیادہ ا سکور ہے۔ ویسٹ انڈیز کے گیری سوبرس نے 1958 میں کنگسٹن میں پاکستان کے خلاف ناقابل شکست 365 رنز بنائے تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی آسٹریلوی بلے باز کا یہ دوسرا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ میتھیو ہیڈن کے نام 380 رن کا آسٹریلوی ریکارڈ درج ہے۔ وارنر نے اپنی اننگز سے عظیم ڈان بریڈمین اور مارک ٹیلر کو پیچھے چھوڑا جن کے نام 334 رنز ہیں۔آسٹریلیا نے کل کے ایک وکٹ پر 302 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ وارنر نے 166 اور لابشین نے 126 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ لابشین نے 238 گیندوں پر 22 چوکوں کی مدد سے 162 رن بنائے۔ وارنر اور لابشین نے دوسرے وکٹ کے لئے 361 رن کی ساجھےداری کی۔ وارنر نے پھر اسٹیون اسمتھ کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 190 رن کی ساجھےداری کی۔ اسمتھ نے 64 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 36 رن بنائے۔ وارنر نے میتھیو ویڈ کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 99 رن کی ناٹ آؤٹ ساجھےداری کی۔ ویڈ نے 40 گیندوں پر ناٹ آوٹ 38 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

پاکستان کی ٹیم وارنر کے اٹیک اور آسٹریلیا کے بڑے اسکور کے سامنے گھٹنے ٹیک بیٹھی اور اس نے اپنے چھ وکٹ صرف 96 رن پر گنوا دیے۔ وہ آسٹریلیا کے اسکور سے 493 رنز پیچھے ہے اور اس پر فالو آن کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے 13 اوور میں 22 رن پر چار وکٹ لے کر پاکستان کی کمر توڑ دی۔اسٹارک نے امام الحق (2)، اسد شفیق (9)، افتخار احمد (10) اور محمد رضوان (0) کو پویلین بھیجا۔ جوش ہیزل وڈ نے شان مسعود (19) کو آؤٹ کیا جبکہ پیٹ کمنز نے کپتان اظہر علی (9) کا وکٹ لیا۔ اسٹمپس کے وقت بابر اعظم 43 اور یاسر شاہ چار رنز بنا کر کریز پر تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Dec 2019, 7:48 AM