پٹرول-ڈیزل کے داموں میں اضافہ کا سلسلہ جاری، دہلی میں پٹرول 101 روپے کے پار

ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کے دام بے قابو ہو چلے ہیں، قومی راجدھانی میں بدھ کے روز ایک مرتبہ پھر دونوں کے داموں میں 80-80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، دہلی میں اب پٹرول کے دام 101 سے پار ہیں

پٹرول اور ڈیزل / تصویر آئی اے این ایس
پٹرول اور ڈیزل / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ تیل کمپنیوں نے آج 30 مارچ 2022 کو بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 80-80 پیسے فی لیٹر کے اضافے کے ساتھ اب پٹرول 101 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گیا ہے۔

ملک بھر میں مہنگے پٹرول سے لوگ پریشان ہیں اور تقریباً تمام ریاستوں میں پٹرول 100 روپے فی لیٹر سے زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ 9 دنوں کے دوران 8 مرتبہ اضافہ ہو چکا ہے۔ جس کے بعد قومی راجدھانی میں پٹرول کی قیمت 101.01 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 92.27 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ خیال رہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مقامی ٹیکسوں کے لحاظ سے ہر ریاست میں مختلف ہوتی ہیں۔ ملک کے چار اہم شہروں کا موازنہ کیا جائے تو ممبئی میں پٹرول اور ڈیزل کے دام سب سے زیادہ ہیں۔


ملک کے چار اہم شہروں میں پٹرول-ڈیزل کے دام

دہلی میں پٹرول - 101.01 روپے فی لیٹر، ڈیزل - 92.27 روپے فی لیٹر

ممبئی میں پٹرول - 115.88 روپے فی لیٹر، ڈیزل - 100.10 روپے فی لیٹر

چنئی میں پٹرول - 106.69 روپے فی لیٹر، ڈیزل - 96.76 روپے فی لیٹر

کولکاتا میں پٹرول - 110.52 روپے فی لیٹر، ڈیزل - 95.42 روپے فی لیٹر

روس-یوکرین جنگ کے درمیان فروری میں بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 139 ڈالر فی بیرل کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، جس کا اثر اب ہندوستان میں بھی نظر آ رہا ہے۔ تاہم اب بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے لیکن گھریلو بازار میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ ابھی رکنے والا نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔