’نیائے‘ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے: منموہن سنگھ

سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کانگریس کی ’نیائے یوجنا‘ کو معیشت کا انجن قرار دیتے ہوئے سنیچر کے روز دعوی کیا کہ اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کی معاشی ترقی کو رفتار ملے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کانگریس کی ’نیائے یوجنا‘ کو معیشت کا انجن قرار دیتے ہوئے سنیچر کے روز دعوی کیا کہ اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کی معاشی ترقی کو رفتار ملے گی۔

سابق وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ پارٹی صدر راہل گاندھی کے ذریعہ اعلان کردہ ’نیائے یوجنا‘ ہر ہندوستانی کنبے کے عزت و وقار کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’راست طور پر آمدنی کا تعاون کرکے نیائے یوجنا غریبوں کو اقتصادی آزادی اور عزت فراہم کرے گی۔ نیائے یوجنا کے ساتھ ہندوستان کم از کم آمدنی کی ضمانت کے دور میں داخل ہوگا اور یہ یوجنا نئی فلاحی ریاست کیلئے نئے سماجی ڈھانچے کی تعمیر میں مدد فراہم کرے گی‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے ٹھہرے ہوئے معاشی نظام کو نیائے یوجنا دوبارہ فعال بنائے گی۔ اس سے ضرورت مند لوگوں کے ہاتھوں میں پیسہ آئے گا اور بازار میں مانگ بڑھے گی۔ جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اسے ’کنیشین‘ اثر کہا جاتا ہے۔ معیشت میں نجی سرمایہ کاری اور صنعتی پیداوار کم ہے۔ نیائے یوجنا معیشت کو دوبارہ سے زندہ کرے گی اور نئے کارخانے اور نوکریاں پیدا ہوں گی۔

سابق وزیراعظم نے نیائے یوجنا سے متوسط طبقے پر نئے ٹیکس کا بوجھ پڑنے کے خدشے کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مجموعی جی ڈی پی کا زیادہ سے زیادہ 1.2 فیصد سے لیکر 1.5 فیصد خرچ ہوگا اور تین ہزار ارب ڈالر کی ہندوستانی معیشت یہ بوجھ برداشت کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مالیاتی نظم و ضبط بنائے رکھے گی اور نئے ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے۔

نیائے یوجنا کی کامیابی پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اس سے ہندوستان کو غریبی سے نجات دلائی جاسکے گی۔ انہوں نےکہا کہ کانگریس نے پہلے بھی کامیابی کے ساتھ لائسنس نظام کو ختم کیا ہے اور منریگا جیسی اسکیمیں نافذ کی ہیں۔ نیائے سے ایک نئے سماجی ماڈل کا آغاز ہوگا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کے وقت تقریباً 70 فیصد آبادی خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کررہی تھی۔ گزشتہ سات دہائیوں میں مرکزی حکومتوں کی مضبوط پالیسوں کے سبب یہ سطح 20 فیصد تک آگئی ہے۔ نیائے یوجنا دوہرے مقاصد کے ساتھ ہوگی۔ ایک طرف یہ غریبی کا خاتمہ کرے گی اور دوسری جانب اس سے معیشت کو رفتار ملے گی۔ کانگریس نے لوک سبھا انتخابات میں ہر شخص کی 12 ہزار روپے ماہانہ کی آمدنی یقینی بنانے اور سب سے غریب 20 فیصد کنبوں کو 72 ہزار روپے ہر برس دینے کا وعدہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔