شبانہ اعظمی۔ جنہوں نے پہلی ہی فلم میں اپنی اداکاری کی قابلیت کو ثابت کیا...یوم پیدائش پر خصوصی پیش کش

شبانہ اعظمی اداکارہ بننے کے لیے 1973 میں ممبئی آئی تھیں۔ یہاں ان کی ملاقات پروڈیوسر و ہدایت کار خواجہ احمد عباس سے ہوئی، جنہوں نے انہیں اپنی فلم فاصلے میں کام کرنے کی پیشکش کی۔

شبانہ اعظمی، تصویر آئی اے این ایس
شبانہ اعظمی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی آج 71 برس کی ہو گئیں، وہ 18 ستمبر 1950 کو پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والد کیفی اعظمی ایک مشہور شاعر اور نغمہ نگار تھے، جبکہ والدہ شوکت اعظمی تھیٹر کی معروف اداکارہ تھیں۔ شبانہ نے سینٹ زیویئر کالج دہلی سے گریجویشن مکمل کیا اور اس کے بعد انہوں نے پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لیا۔ انہوں نے پونے میں اداکاری کی تربیت حاصل اور اس کے بعد 1973 میں ممبئی کا رخ کیا۔ یہاں ان کی ملاقات پروڈیوسر/ ہدایت کار خواجہ احمد عباس سے ہوئی جنہوں نے ان سے اپنی فلم فاصلے میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ اس فلم کی تکمیل سے قبل ان کی فلم انکُر ریلیز ہو گئی۔

فلم انکُر شیام بینیگل کی ہدایت کاری میں بنی اور 1974 میں ریلیز ہوئی، فلم انکُر حیدرآباد کے ایک سچے واقعے پر مبنی تھی۔ اس فلم میں شبانہ اعظمی نے ایک دیہاتی لڑکی لکشمی کا کردار ادا کیا، جو شہر سے تعلق رکھنے والے کالج اسٹوڈنٹ سے پیار کرتی ہے۔ فلم بنانے کے دوران شیام بینیگل نے کئی اداکاراؤں کو اپنی کہانی سنائی لیکن سب نے فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔ ایسا کردار کسی بھی اداکارہ کے لیے اپنے کیریئر کے ابتدائی مراحل میں ایک پر خطر کام ہو سکتا تھا لیکن شبانہ اعظمی نے اسے ایک چیلنج کے طور پر لیا اور اپنی سادہ اداکاری سے ناقدین کے ساتھ ساتھ ناظرین کے دل جیت کر فلم کو سپرہٹ بنا دیا۔ اس فلم میں ان کی شاندار اداکاری پر انہیں بہترین اداکارہ کا قومی ایوارڈ فراہم کیا گیا۔


سال 1975 میں شبانہ اعظمی کو ان کے ساتھ شیام بینیگل کی فلم نشانت میں دوبارہ کام کرنے کا موقع ملا۔ سنہ 1977 شبانہ اعظمی کے سنیما کیریئر میں ایک اہم پڑاؤ ثابت ہوا۔ امسال انہیں عظیم فلم ساز ستیہ جیت رے کی فلم شطرنج کے کھلاڑی میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں فلم سوامی میں اعلیٰ اداکاری کے لیے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔