اب آلوک ناتھ پر لگا جنسی زیادتی کا الزام، خاتون ڈائریکٹر نے بیان کیا درد

’ہیش ٹیگ می ٹو‘ #MeToo تحریک کے ذریعہ نندا نے آلوک ناتھ پر جنسی تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’وہ ایک شرابی، لاپروہ اور برا شخص تھا۔ کئی لوگ اسے مزید برا بننے کے لئے اکساتے تھے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دوردرشن پر 90 کی دہائی میں آنے والے مشہور شو ’تارہ‘ کی مصنفہ اور تخلیق کار ونیتا نندا نے اداکار آلوک ناتھ پر تقریباً 2 دہائی پہلے ریپ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ آلوک ناتھ پردے پر سنسکاری (مہذب) شبیہ کے لئے جانے جاتے ہیں۔ نندا نے اپنی فیس بک پوسٹ پر لکھا، ’’میں نے اس پل کے آنے کا 19 سال انتظار کیا ہے۔‘‘

نندا نے کہا کہ فلم اور ٹی وی دنیا میں وہ سب سے ’سنسکاری‘ شخص قرار دیئے جاتے ہیں۔ نندا کی پوسٹ میں ’سنسکاری‘، ’اہم اداکار‘ اور ’اس دہائی کا اسٹار‘ جیسے الفاظ کا استعمال کیا جانا صاف طور سے آلوک ناتھ کی جانب اشارہ کر رہا تھا۔ بعد میں نندا نے میڈیا میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ’’وہ آلوک ناتھ ہی ہیں۔ مجھے لگا سنسکاری کہنا ہی کافی ہوگا۔‘‘

’ہیش ٹیگ می ٹو‘ #MeToo تحریک نے نندا کو اپنے اس درد کو بیان کرنے کی ہمت دی۔ انہوں نے لکھا، ’’وہ ایک شرابی، لاپروہ اور برا شخص تھا لیکن وہ اس دہائی کا ٹیلی ویزن اسٹار بھی تھا اس لئے نہ صرف اس کے برے اخلاق کے لئے اسے معاف کر دیا جاتا تھا بلکہ کئی لوگ اسے مزید برا بننے کے لئے اکساتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس نے شو کی اس اہم اداکارہ کو پریشان کیا جو اس میں (آلوک ناتھ) ذرا بھی دلچسپی نہیں دکھاتی تھی۔ اپنے ساتھ پیش آئے سب سے برے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے نندا نے کہا کہ ایک مرتبہ آلوک ناتھ کے گھر پر وہ پارٹی میں شامل ہوئیں اور وہاں دیر رات تقریباً 2 بجے گھر جانے کے لئے نکلیں۔

نندا نے کہا، ’’ ان کی ڈرنک میں کچھ ملا دیا گیا تھا۔ میں گھر جانے کے لئے خالی سڑک پر پیدل چلنے لگی، راستہ میں اس شخص نے گاڑی روکی جو خود چلا رہا تھا۔ اس نے کہا کہ میں ان کی گاڑی میں بیٹھ جاؤں، گھر چھوڑ دے گا۔ میں اس پر یقین کر کے گاڑی میں بیٹھ گئی۔‘‘

نندا نے کہا، ’’اس کے بعد مجھ پر بے ہوشی سی طاری ہونے لگی، مجھے ہلکا ہلکا یاد ہے کہ میرے منہ میں شراب ڈالی گئی اور میرے ساتھ زیادتی کی گئی۔ اگلے دن جب دوپہر کو میں اٹھی تو کافی درد ہو رہا تھا۔ میرے ساتھ ریپ ہی نہیں کیا گیا بلکہ گھر لے جاکر مجھ سے حیوانیت کی گئی۔‘‘

انہوں نے کہا ’’میں درد کی وجہ سے اپنے بستر سے اٹھ نہیں سکی۔ میں نے اپنے کچھ دوستوں کو اس تعلق سے بتایا لیکن ان سبھی نے مجھ سے کہا کہ اس واقعہ کو بھول کر آگے بڑھو۔‘‘

بعد میں مجھے ایک نئی سریز لکھنے اور ہدایت کاری کرنے کا موقع ملا۔ ان کا سامنا آلوک ناتھ سے ہوا تو وہ انہیں پریشان کرنے لگے، جس کے چلتے نندا نے تخلیق کاروں سے کہا کہ وہ ہدایت کاری نہیں کر پائیں گی۔ حالانکہ انہوں نے شو کے لئے لکھنا جاری رکھا۔

نندا نے بتایا کہ نئی سریز پر کام کرنے کے دوران پھر اداکار نے انہیں اپنے گھر بلایا۔ وہ پھر وہ سب جھیلنے کے لئے اس کے پاس چلی گئی کیوں کہ انہیں کام اور پیسوں کی ضرورت تھی۔ نندا نے اس طرح کے واقعات کے شکار لوگوں سے سامنے آنے اور اپنی بات رکھنے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Oct 2018, 11:15 AM