اِیاب: حجاج کرام کی واپسی آسان بنانے کے لیے سعودی ایوی ایشن کا منفرد منصوبہ

سعودی عرب میں شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی نے اِياب (واپسی) کے نام سے ایک نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے جو اللہ کے مہمانوں (حجاج کرام) کی خدمت میں اپنی نوعیت کی ایک منفرد مثال ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جدہ: سعودی عرب میں شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی نے اِياب (واپسی) کے نام سے ایک نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے جو اللہ کے مہمانوں (حجاج کرام) کی خدمت میں اپنی نوعیت کی ایک منفرد مثال ہے۔

منصوبے کے تجرباتی مرحلے کا آغاز ان شاء اللہ آئندہ دو روز میں ہو گا۔ منصوبے کا مقصد حجاج کرام کی واپسی کے سفر کے اقدامات کو ہوائی اڈے پہنچنے سے پہلے ہی اُن کی قیام گاہوں پر مکمل کرنے کو آسان بنانا ہے۔ رواں سال 1440 ہجری کے حج سیزن میں اس منصوبے کا اطلاق انڈونیشیا، ملائیشیا اور بھارت جانے والے حجاج کرام پر ہو گا۔


سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق سعودی شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کے سربراہ عبدالہادی المنصوری کا کہنا ہے کہ اتھارٹی "اِياب" منصوبے کے ذریعے مسافروں کے تجربے کو آسان بنانے کے ساتھ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتظار کا دورانیہ کم کرنا چاہتی ہے .. تا کہ حجاج کرام مکمل سہولت کے ساتھ اپنے وطن لوٹ سکیں۔

المنصوری کے مطابق "اِياب" منصوبہ رواں سال 1440 ہجری کے حج سیزن میں تجرباتی طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں جدہ اور مدینہ منورہ کے دونوں ہوائی اڈوں پر 30 ہزار حجاج کرام اس سے مستفید ہوں گے۔ بعد ازاں اس خدمت کا دائرہ کار مملکت کے ہوائی اڈوں کے ذریعے تمام حجاج کرام ، معتمرین اور مسافروں تک پھیلا دیا جائے گا۔


شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کے سربراہ نے اپنے بیان کے اختتام پر ’اِياب‘ منصوبے میں شریک تمام سرکاری اور قومی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو گراں قدر قرار دیا۔

واضح رہے کہ ’اِیاب‘ منصوبے کے تحت حجاج کرام کے سامان وصول کرنے کے اقدامات اُن کی قیام گاہوں سے مکمل کر لیے جائیں گے اور ان کی واپسی کا اندراج ہوائی اڈے پہنچنے سے پہلے خودکار طریقے سے کر لیا جائے گا۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Aug 2019, 10:10 AM