صرف بے وقوف حکومت ہی اپنی دفاعی خفیہ معلومات اُجاگر کرتی ہے: چدامبرم

مشن شکتی پر وزیر اعظم مودی کے قوم سے خطاب پر پی چدامبرم نے کہا ہے کہ کوئی بھی عقل مند حکومت کبھی بھی اپنی خفیہ دفاعی معلومات ظاہر نہیں کرتی اور جو حکومت ایسا کرتی ہے وہ بے وقوف ہی کہلائے گی۔

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم
سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم
user

قومی آوازبیورو

سابق وزیر خزانہ پی چدامبرم نے مشن شکتی پر وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کرنے پر سوال کھڑے کرتے ہوئے ان کی نیت پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے اینٹی سیٹیلائٹ میزائل کا اعلان انتخابی عمل کے بیچ میں کرنے پر سخت الفاظ میں تنقید کی ہے۔

چدامبرم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ خلا میں سیٹیلائٹ تباہ کرنے کی صلاحیت ہمارے ملک کے پاس برسوں سے ہے اور کوئی بھی عقل مند حکومت اپنی اس صلاحیت کو خفیہ رکھتی ہے اور صرف بے وقوف حکومت ہی اس کو اجاگر کر کے دفاعی خفیہ معلومات کو سب کے سامنے عیاں کرتی ہے۔

انتخابی عمل شروع ہو چکا ہے اور انتخابی ضابطہ عمل لاگو ہے لیکن اس کے بیچ میں قوم سے خطاب کر کے وزیر اعظم نے خو د کو تنقید کا نشانہ بھی بنا لیا ہے اور ایک پیغام بھی دے دیا ہے کہ ان عام انتخابات میں بی جے پی کی حالت اچھی نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے انتخابی عمل کے دوران یہ اعلان کیا اور بتایا کہ اب ہندوستان دنیا کی چوتھی بڑی طاقت بن گئی ہے۔ ماہرین سوال کر رہے ہیں کہ یہ تجربہ انتخابات کے اعلان سے پہلے بھی کیا جا سکتا تھا اور بعد میں بھی کیا جا سکتا تھا۔ لیکن اپنی انتخابی ریلیوں کے شروع ہونے سے ایک دن پہلے یہ اعلان کرنا کہیں نہ کہیں بی جے پی کی نیت اور کمزوری دونوں کو اجاگر کرتی ہے۔ اس تعلق سے الیکشن کمیشن سے شکایت بھی کی گئی اور الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کو کلین چٹ بھی دے دی، لیکن اس خطاب کے اوقات کو لے کر کوئی بھی مطمئن نہیں کر پایا ہے۔ الیکشن کمیشن نے جمعہ کو وزیر اعظم کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مودی نے قوم سے خطاب کر کے کسی طرح کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Mar 2019, 1:09 PM