سعودی عرب، مشرق وسطیٰ اور یورپ میں آج عید، ہندو پاک کے بڑے حصے میں کل

مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں عید کی نماز میں لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی اوردنیا کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں کوئی 15لاکھ مسلمانان نے نماز عید ادا کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی : مشرق وسطی کے کئی ملکوں کے علاوہ برطانیہ، فرانس، بیلجئیم سمیت پورے یورپ کے ساتھ ساتھ ہندستان کے بعض ساحلی خطوں اور جموں کشمیر کے لداخ میں آج جمعہ کو عید الفطر منائی جا رہی ہے۔

مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں عید کی نماز میں لاکھوں فرزندان توحیدنے شرکت کی اوردنیا کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں کوئی 15لاکھ مسلمانان نے نماز عید ادا کی۔

امریکہ میں بھی مسلمانوں نے آج ہی دوگانہ ادا کیا ۔ترکی ،جاپان اور انڈونیشیا کے مسلما نوں نے بھی آج ہی عید الفطر منا ئی ۔ پاکستان، مقبوضہ کشمیر اور ہندستان بشمول جموں کشمیر کے بڑے حصوں میں کل عید الفطر منائی جائے گی۔جس میں لاکھوں فرزندان توحید دوگانہ اداء کریں گے اور ایک دوسرے سے بغل گیر ہوں گے اور بلا تفریق سب سے مصافحہ کریں گے۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحال اور امت مسلمہ کی بہبود کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی ۔

فرانس اور آسٹریلیا میں دو دن عیدمنائی جارہی ہیں۔پیرس میں فقہ جعفریہ کے تحت عید ہفتہ 16 جون کو ہوگی۔

ادھر ہندستان میں تاریخ میں شاید پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ مسلمانان کا ایک حلقہ آج کے دن کو یکم شوال مان کر روزہ بھی نہیں ہے لیکن عید بھی نہیں منا رہا ہے۔بعض دینی اداروں بشمول ضلعی جمعیت اہل حدیث لکھنو نے اتحاد بین المسلمین کے تقاضے کے پیش نظر آج کا حرام روزہ نہ رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دیگر مسلمانان ہند کے ساتھ سنیچر کو عید الفطر منائیں۔

واضح رہے کہ یکم شوال کو روزہ حرام ہے اس لئے کل چاند دیکھنے ، اس کی تاخیر سے شہادت عام ہونے اور اسے نصف شب کے قریب مان لینے والے مسلمانا ن آج روزہ نہیں ہیں لیکن وہ عید سب کے ساتھ کل منائیں گے۔

صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یو پی نے بہر حال کل یہ اعلان کردیا تھا کہ جمعہ کو یکم شوال عید کا دن ہے۔

کیرالہ کے علاوہ لداخ،کشمیر ، بھڑوچ، بناس کانٹھا،گجرات اور بعض دوسرے علاقوں میں چونکہ کل شام کو ہی چاند ہوجانے کا اعلان ہو گیا تھا اس لئے وہاں آج ہی عید منائی جا رہی ہے۔جمعیت علما بناس کامٹھا نےبھی آج عید منانے کاکل ہی اعلان کر دیا تھا۔صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی نے بھی آج ہی عیدمنانے کا اعلان کر دیاتھا لیکن بعد میں ایک دوسرا بیان جاری کر کے عید سنیچر کو منانے کا اعلان جاری کیا۔اس کی وجہ چاند کی اطلاع میں تاخیر بتائی گئی ۔ساتھ ہی یہ تلقین بھی کردی گئی کہ آج روزہ نہ رکھا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی چاند ہونے کی تصدیق میں تاخیر کے کئی واقعات ہو چکے ہیں لیکن تاخیر سے تصدیق کے بعد عید منانے میں ایک دن کی تاخیر کا کوئی اعلان شاید پہلے کبھی جاری ہوا ہے۔زائد از دو دہائی قبل کلکتہ میں ایک مرتبہ تو سحری کے وقت چاند ہوجانے کے اعلان کے ساتھ کہا گیا تھا کہ آج یکم شوال کو روزہ حرام ہے اس لئے سحری کے بجائے نما ز کی عید کی تیاری کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */